صدر ٹرمپ اور اہلیہ کورونا کا شکار، وزیراعظم عمران خان کا نیک تمناؤں کا اظہار

Published On 02 October,2020 12:46 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کا شکار ہونے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی اور نیک نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتونِ اوّل میلانیا ٹرمپ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، دونوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا، صدر نے تمام مصروفیات منسوخ کر دیں۔ وائٹ ہاوس میں صدر کی ڈائریکٹر کمیونیکیشن ہوپ ہکس کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد دونوں کا ٹیسٹ مثبت آیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ ان میں اور ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ ٹویٹ میں انھوں نے لکھا کہ خاتونِ اول اور وہ دونوں ہی فوراً قرنطینہ اور بحالی کا مرحلہ شروع کریں گے۔

واضح رہے صدر ٹرمپ کو ماسک پہننا پسند نہیں وہ سرکاری تقاریب میں اہلکاروں یا دیگر افراد کے ساتھ بغیر ماسک پہنے نظر آتے ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق منی سوٹا سے واپسی پر ہوپ ہکس میں کورونا کی علامات ظاہر ہونا شروع ہو گئی تھیں اور انھیں اسی وقت طیارے میں ہی قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔

کورونا وائرس سے امریکا میں اموات کی تعداد 2 لاکھ 12 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ مریضوں کی تعداد 75 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔
 

Advertisement