واشنگٹن: (دنیا نیوز) صدر ٹرمپ کو ہسپتال سے چھٹی مل گئی۔ امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس پہنچ کے ماسک اتار کر سیلوٹ کیا۔ صحت میں بہتری کی وجہ سے ڈاکٹرز نے انہیں ہسپتال سے فارغ کیا۔ امریکی صدر نے کہا کہ کورونا سے ڈرنے کی ضرورت نہیں، جلد انتخابی مہم میں واپسی ہو گی۔
صدر ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس واپسی ہو گئی، کورونا وائرس سے متاثرہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو والٹر ریڈ ہسپتال سے وائٹ ہاؤس منتقل کر دیا گیا ہے۔ امریکی صدر نے ٹرومین بالکنی میں کھڑے ہو کرماسک اتار کر تصاویر بنوائیں۔
صدر ٹرمپ نے ٹویٹ کیا کہ وہ اب بہت بہتر محسوس کر رہے ہیں اور انتخابی مہم میں جلد واپسی ہو گی۔ صدر ٹرمپ کو ہسپتال سے میرین ون ہیلی کاپٹر کے ذریعے وائٹ ہاؤس منتقل کیا گیا۔ ٹرمپ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے سب کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا وائٹ ہاؤس میں بھی علاج جاری رہے گا۔
امریکی صدر کی جمعے کو کورونا وائرس تشخیص ہوئی اور انہیں والٹر ریڈ ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ صدر ٹرمپ کے اردگرد موجود رہنے والے افراد میں میلانیا ٹرمپ سمیت ریپبلکن پارٹی کے سینٹرز میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
وائٹ ہاؤس سٹاف کے مزید افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے،صدر ٹرمپ کی گاڑی میں موجود تمام اہلکاروں کو اب 14 دن قرنطینہ میں رہنا پڑے گا۔
امریکی صدر کے معالجین کا کہنا ہے کہ ٹرمپ ابھی پوری طرح صحتیاب نہیں ہوئے لیکن ان کی وائٹ ہاؤس منتقلی محفوظ ہے۔ ایوانکا ٹرمپ نے ٹویٹ میں والد کو گھر میں خوش آمدید کہا اور ہسپتال کے عملے کا شکریہ ادا کیا۔
صدارتی امیدوار جوبائیڈن نے صدر ٹرمپ کے کورونا مریضوں کے باہر نکلنے کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکا میں دولاکھ سے زائد افراد کورونا کے باعث ہلاک ہو چکے ہیں ، ماسک پہننا بہتر ہے، یہ زندگی بچاتا ہے، صدر ٹرمپ کورونا وائرس پر قابو پانا ہو گا۔