بغداد: (ویب ڈیسک) عراقی وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی کے دفترسے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے ملک میں قبل از وقت پارلیمانی انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ فیصلے کے تحت آئندہ سال چھ جون کو ملک میں پارلیمانی انتخابات کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔
عرب میڈیا کے مطابق بیان میں ملک کی تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ قبل از وقت انتخابات کے عمل کو کامیاب بنانے کے لیے اقدامات کریں۔
گذشتہ سوموار کو عراقی وزیراعظم نے عراق کے الیکشن کمیشن کے ہیڈ کواٹر کا دورہ کیا تھا۔ اس دورے کے دوران انہوں نے الیکشن کمیشن کے حکام کے ساتھ پارلیمانی انتخابات کی تیاریوں پر بات چیت کی تھی۔ بعد ازاں الیکشن کمیشن کی سفارش پر چھ جون 2021ء کو پارلیمانی انتخابات کا اعلان کیا گیا۔
وزیراعظم اور الیکشن کمیشن کےدرمیان ہونے والی بات چیت میں انتخابی عمل میں راہ میں رکاوٹیں دور کرنے اور اس حوالے سے تمام اداروں کو فعال کرنے پر زور دیا گیا۔
انہوں نے انتخابی فنانسنگ قانون کی منظوری کے لیے پارلیمنٹ سے فیصلہ لینے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ الیکشن کمیشن کو تکنیکی اور انتظامی پہلوؤں کو مکمل کرنے اور انتخابات کو کامیاب بنانے کے لیے کافی وقت دیا جا سکے۔
انہوں نے انتخابی عمل کے ساتھ قانون کے مطابق ہونے والے طریق کار کی اہمیت ، اس کی کامیابی کو یقینی بنانے اور اس کی سالمیت کو برقرار رکھنے اور آئندہ انتخابی عمل عراقی عوام کی خواہش اور ان کے آزاد انتخاب کا صحیح اظہار کرنے پر بھی زور دیا۔