واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا نے افغانستان اور عراق سے مزید فوج کم کرنے کا اعلان کر دیا، یہ اقدام نومنتخب صدر جو بائیڈن کی حلف برداری سے پہلے کیا جائے گا۔
قائم مقام امریکی وزیر دفاع کرسٹوفر ملر نے کہا ہے کہ افغانستان سے 2 ہزار اہلکار واپس بلائے جائیں گے جس سے افغانستان میں فوج کی تعداد ڈھائی ہزار تک رہ جائے گی،عراق سے بھی 500 اہلکار واپس بلائیں جائیں گے۔ فوج کی تعداد میں کمی کا عمل 15جنوری تک مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوج کی بیرون ملک تعداد میں کمی کا فیصلہ صدر ٹرمپ نے قومی سلامتی کیبنٹ اور امریکی حکومت میں موجود دیگر عہدیداران سے مہینوں پر محیط طویل مشاورت کے بعد کیا ہے۔
ملر کا کہنا تھا کہ امریکی کانگریس کے چیدہ رہنماوں کے علاوہ بیرون ملک اتحادیوں اور افغان صدر اشرف غنی سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ نیٹو سیکرٹری جنرل سٹولن برگ سے فوجی انخلا کے معاملے پر ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی۔
دوسری جانب نیٹو نے افغانستان و عراق سے امریکی فوج کے قبل از وقت انخلا پر خدشات کا اظہار کیا ہے۔