نیو یارک: (دنیا نیوز) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے تہران کو القاعدہ کا نیا اڈہ اور ایران کو نیا افغانستان قرار دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ نے اقتدار کے خاتمہ کے آخری ہفتے بھی ایران کا پیچھا نہ چھوڑا۔
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ تہران القاعدہ کا نیا اڈہ ہے۔ القاعدہ کا نائب سربراہ ابو محمد المصری تہران میں قتل ہوا جو امریکیوں پر حملے میں بھی ملوث تھا۔
مائیک پومپیو نے القاعدہ کے رہنما المغربی سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے کو 70 لاکھ ڈالر انعام دینے کا اعلان کیا۔
امریکی وزیر خارجہ نے بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ایران نیا افغانستان ہے، جہاں پر القاعدہ کی زیادہ تر قیادت موجود ہے۔
دوسری طرف ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے امریکا کے الزام کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امریکیوں کی باتوں سے اب کوئی بے وقوف نہیں بنے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ نائن الیون کے تمام حملہ آور مشرق وسطیٰ میں پومپیو کے چہیتے ملک سے آئے تھے۔ ان میں سے کسی بھی حملہ آور کا تعلق ایران سے نہیں تھا۔