دلی: (دنیا نیوز) بھارت کے نام نہاد یوم جمہوریہ پر کسان رکاوٹیں توڑ کر دارالحکومت میں داخل ہو گئے اور بھارتی فوج کے مقابل ٹریکٹر پریڈ کرتے ہوئے لال قلعہ پر یلغار کردی، مظاہرین نے پولیس سے دوبدو لڑائی کرتے ہوئے لال قلعے کا کنٹرول حاصل کر کے خالصتان کا جھنڈا لہرا دیا۔
مودی سرکار کیلئے نام نہاد یوم ِ جمہوریہ منانا مشکل ہو گیا، کسان رکاوٹیں توڑ کرٹریکٹرز کے ساتھ دلی میں داخل ہو گئے اور بھارتی فوج کی پریڈ سے پہلے ہی پریڈ شروع کر دی۔
ہریانہ ،راجستھان ،پنجاب ، یوپی سمیت کئی ریاستوں سے قافلوں کی دارالحکومت آمد جاری ہے، حکومت نے جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کر رکھی ہیں لیکن کاشتکار کسی رکاوٹ کو خاطر میں نہیں لا رہے، مظاہرین نے مودی سرکار کے سامنے جھکنے سے انکار کر دیا۔ کسان زرعی قوانین واپس لینے کا مطالبہ پر قائم ہیں۔