حوثیوں کا سعودی عرب کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حملہ

Published On 10 February,2021 07:53 pm

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے جنوب مغربی شہر ابھا کے عالمی ہوائی اڈے پر حوثیوں کے حملے سے طیارے میں آگ لگ گئی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق عرب اتحاد نے حوثیوں کے دہشت گردی کے اس حملے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ سویلین طیارے کو لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ ابھا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو نشانہ بنانے کی کوشش اور شہری مسافروں کے جان ومال کو خطرے میں ڈالنا ایک جنگی جرم ہے۔ ہم شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کررہے ہیں۔

قبل ازیں عرب اتحاد نے ایک اور بیان میں بتایا تھا کہ اس نے یمن سے سعودی عرب کی جانب چھوڑے گئے حوثیوں کے دو مسلح ڈرونز کو تباہ کردیا ہے۔ حوثیوں نے بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزیاں جاری رکھی ہوئی ہیں اور وہ سعودی عرب میں شہری اہداف کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔

حوثیوں نے اس ہفتے میں سعودی عرب کی جانب ایک مرتبہ پھر ڈرون اور بیلسٹک میزائلوں سے حملے تیزکردیے ہیں۔

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے گذشتہ سوموار کو قاہرہ میں عرب لیگ کے ہنگامی اجلاس میں اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایرانی حمایت یافتہ ملیشیائیں عرب ممالک کی سلامتی اور استحکام کے لیے خطرے کا موجب بنی ہوئی ہیں۔
 

Advertisement