امریکی بحری بیڑے کی بغیر بتائے بھارتی حدود میں مشقیں، مودی سرکار منہ دیکھتی رہ گئی

Published On 11 April,2021 10:08 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی کندھوں پر سوار ہو کر علاقے میں حکمرانی کا بھارتی خواب چکنا چورہو گیا، امریکا کے ساتویں بحری بیڑے نے بتائے بغیر ہی بھارتی حدود میں مشقیں کیں، مودی سرکار منہ دیکھتی رہ گئی، واشنگٹن سے رابطہ کرنا پڑ گیا۔

امریکا سے دوستی کے گھمنڈ میں ہر قانون کو پامال کرنے والے کو پھر شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا، امریکا نے بھارت کو اس کی اوقات یاد دلا دی، یو ایس نیوی نے بحرِ ہند میں بھارت کے خصوصی اقتصادی زون میں مشقیں کیں۔ واشنگٹن نے اس سے پہلے انڈیا کو بتانا بھی گوارہ نہ کیا۔

امریکا نے مؤقف اختیار کیا کہ اسے مشقیں کرنے کا حق بھی حاصل ہے اور آزادی بھی۔ ساتویں بیڑے نے اس کارروائی کی انجام دہی کو بین الاقوامی قوانین کے مطابق قرار دیا ہے۔

جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ تمام آپریشنز بین الااقوامی قانون کے مطابق کئے گئے، جہاں بھی قانون کی اجازت ہو گی امریکی جہاز جائیں گے اور کارروائی کریں گے۔ ایسا انھوں نے پہلے بھی کیا ہے اور مستقبل میں بھی کرتے رہیں گے۔

امریکی مشقوں کے بعد مودی سرکار تلما کر رہ گئی، شرمندگی کے مارے واشنگٹن سے رابطہ کیا اور بھارتی مؤقف سے آگاہ کیا۔