تہران: (دنیا نیوز) ایران میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے ووٹنگ کا آغاز ہو گیا ہے، رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 5 کروڑ 90 لاکھ ہے، ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے ووٹ کاسٹ کر دیا، ایرانی میڈیا کے مطابق اصل معرکہ قدامت پسند ابراہیم رئیسی اور اصلاح پسند عبدالناصر ہمتی کے درمیان ہے۔
ایران کا نیا صدرکون ہوگا، صدارتی انتخابات کے لئے ملک بھر میں پولنگ جاری ہے، سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے ووٹ کاسٹ کر دیا۔ صدارتی انتخاب میں چار اُمیدواروں میں مقابلہ ہے تاہم ابراہیم ریئسی اور عبدالناصر ہمتی کے درمیان کانٹے کے مقابلے کا امکان ہے۔
5 کروڑ نوے لاکھ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ ملک بھر میں 72 ہزار پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں، تہران سمیت چوبیس صوبائی دارالحکومتوں میں الیکٹرانک ووٹنگ کی سہولت میسر ہے۔
ایران کی پارلیمنٹ اور مجلس خبرگان کے وسط مدتی انتخابات کے لیے بھی ووٹنگ ہو رہی ہے، ووٹرز دو لاکھ لوکل کونسلز کے ناظمین کا بھی انتخاب کریں گے۔