افغانستان میں عیدالضحی پر داعش کا صدارتی محل پر راکٹ حملہ

Published On 22 July,2021 09:58 am

کابل: (دنیا نیوز) افغانستان میں عیدالضحی پر کابل میں نمازعید کے دوران صدارتی محل پر راکٹ حملہ ہوا، داعش نے حملےکی ذمہ داری قبول کرلی۔

دارالحکومت کابل میں نماز عید کے دوران راکٹ حملے کا ایک واقعہ پیش آیا۔ افغان وزارت داخلہ کےمطابق نماز عید کی ادائیگی کے دوران تین راکٹ صدارتی محل پر گرے۔ تاہم صدر غنی اور دیگر اہل کاروں نے کھلے میدان میں منعقدہ اس تقریب کے دوران نماز کی ادائیگی جاری رکھی، جس کی تصدیق ٹیلی ویژن کی لائیو کوریج سے بھی ہوئی، حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی ہے۔

دوسری جانب افغانستان میں روس کے سفیر ضمیر کابلوف کا کہنا ہے کہ طالبان مذاکرات میں شامل دیگر فریقوں کی جانب سے پیش کردہ سیاسی پیش کش کو زیر غور لانے پر تیار نظر آتے ہیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ موجودہ تعطل کو ختم کرنے کے لیے مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھایا جائے۔