لندن: (دنیا نیوز) کروڑوں دلوں پر راج کرنے والی شہزادی ڈیانا کو بچھڑے چوبیس سال بیت گئے، لیڈی ڈیانا پیرس میں کار حادثے میں ہلاک ہو گئی تھیں، پرنسس آف ویلز کے فلاحی کاموں کی پوری دنیا معترف ہے۔
پری چہرہ، پر کشش شخصیت، دلفریب مسکراہٹ کی مالک شہزادی ڈیانا کو بچھڑے چوبیس سال بیت گئے، ان کی برسی کے موقع پر شہزادی کی ٹریفک حادثے میں المناک موت یاد کر کے دنیا بھر میں کروڑوں مداح آج بھی افسردہ ہو جاتے ہیں۔
لیڈی ڈیانا یکم جولائی 1961 کو پیدا ہوئیں، وہ اپنے بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹی تھیں۔ 29 جولائی 1981 کو ان کی شادی شہزادہ چارلس سے ہوئی۔ ان کی شادی کو کہیں فیری ٹیل میرج، تو کہیں صدی کی شادی قرار دیا گیا۔ پرنس چارلس اور لیڈی ڈیانا کی شادی کو کروڑوں لوگوں نے ٹیلی ویژن پر دیکھا۔
لیڈی ڈیانا نے شادی کے بعد فلاحی کاموں میں حصہ لینا شروع کردیا، بےگھر افراد، بے سہارا بچے، نشے کا شکار افراد اور ایڈز کے مریضوں کے لیے انھوں نے یادگارخدمات انجام دیں۔
لیڈی ڈیانا نے 1995 اور 1997 میں وزیر اعظم عمران خان اور ان کی سابق اہلیہ جمائما خان کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کیا اور شوکت خانم ہسپتال کے لیے فنڈ ریزنگ مہم میں بھی حصہ لیا۔