ماسکو:(دنیا نیوز) یوکرین کے محاذ پر کشیدگی کم ہونے کا نام نہیں لے رہی، روس اور بیلا روس نے یوکرین کی سرحد کے قریب نئی فوجی مشقوں کا آغاز کردیا، لیتھوینا نے کیف کو اسٹنگر میزائل فراہم کرنے کا اعلان کردیا جبکہ یورپی ممالک سے بڑی تعداد میں ہتھیار یوکرین پہنچائے جارہے ہیں۔
یوکرین کے محاذ پر کشیدگی برقرار ہے، روس اور مغربی ممالک کے سفارتی رابطے بے نتیجہ ختم ہوگئے، روس اور بیلاروس نے نئی مشترکہ جنگی مشقوں کا آغاز کردیا ہے۔
مشقوں میں چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں کی آزمائش کی گئی جن میں جنگی طیاروں نے بھی حصہ لیا۔
برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن پولینڈ پہنچنے تو ان کے ہمراہ برطانیہ کی اضافی افواج بھی وارسا پہنچ گئیں، امریکی افواج کا ایک دستہ رومانیہ بھی پہنچ گیا جس کی یوکرین کے ساتھ 613 کلومیٹر طویل سرحد ہے، امریکا کے بی 52 بمبار طیارے برطانیہ پہنچ گئے ہیں جو ممکنہ جنگ کی صورت میں یوکرین کی مدد کو آسکتے ہیں۔
لتھوینیا کے وزیر اعظم نے یوکرین کو اسٹنگر میزائلفراہم کرنے کا اعلان کردیا اور زمین سے فضا میں مار کرنے والے یہ میزائل جلد کیف پہنچ جائیں گے۔