روس کا ایک بار پھر یوکرین کی سرحد سے فوج پیچھے ہٹانے کا اعلان

Published On 17 February,2022 09:18 pm

ماسکو:(دنیا نیوز) روس نے ایک بار پھر یوکرین کی سرحد سے مرحلہ وار فوج پیچھے ہٹانے کا اعلان کردیا گیا ہے۔

کریملن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یوکرین کی سرحد سے مکمل افواج پیچھے ہٹانے میں کافی وقت لگے گا، امریکا اور نیٹو نے روس کے اعلان کو مشکوک قرار دے کر مسترد کردیا۔

برسلز میں یورپی یونین کے رکن ممالک کا سربراہ اجلاس جاری ہے،فرانس ، جرمنی اور دیگر رکن ممالک کے سربراہان برسلز میں موجود ہیں، برسلز میں ہی نیٹو کے وزراء دفاع کا اجلاس بھی جار ی ہے جہاں یوکرین کی صورتحال پر نیٹو ممالک کی حکمت عملی پر بحث ہوگی۔

روس نے امریکا کی تجاویز کا تفصیلی جواب دینے کا اعلان کردیا ہے، ماسکو واشنگٹن کو بھیجا گیا جواب عوام کے سامنے بھی پیش کرے گا۔

برطانوی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ یوکرین کا بحران کئی ماہ تک طو ل پکڑسکتا ہے، روس کے اتحادی ملک بیلاروس کے صدر نے امریکا اور یورپی ممالک کو بڑی دھمکی دے دی اور کہا کہ بیرو نی ممالک سے ملک کو خطرہ پیش آیا تو بیلاروس جوہری ہتھیار ملک میں منگوالے گا۔

یوکرین کے صدر نے فرنٹ لائن کا دورہ کیا اور جنگی طیاریوں کا جائزہ لیا جبکہ یوکرین نے روسی حمایت یافتہ علیحدگی پسندوں پر مشرقی گاؤں پر بمباری کا الزام لگایا ہے۔
 

Advertisement