ایران میں مظاہرے ، جرمنی نے تجارتی فروغ کے اقدامات معطل کردیے

Published On 24 December,2022 03:49 pm

جرمنی : (ویب ڈیسک ) جرمن وزارت اقتصادی امور نے ایران کے ساتھ تجارتی تعاون میں فروغ کیلئے جاری کوششوں کو روکنے کا اعلان کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ فیصلہ ایران میں حکومت مخالف مظاہروں کو کچلنے کی خاطر تہران حکومت کی جانب سے طاقت کے بے دریغ استعمال کیخلاف برلن کا احتجاج ریکارڈ کرانے کے لئے اٹھایا گیا ہے۔

جرمن وزارت کے اس فیصلے سے جرمنی اور ایران کے درمیان سرمایہ کاری کی ضمانت، ایران میں ہونے والے جرمنی کے تجارتی میلے اور تربیت کے پروگرام متاثر ہوں گے ۔

سال 2021ء میں جرمنی اور ایران کے درمیان ایک اعشاریہ 76 بلین یورو کی تجارت ریکارڈ ہوئی۔

واضح رہے کہ 16 ستمبر سے ایران میں مہسا امینی کی پولیس کی حراست میں ہونے والی ہلاکت کے بعد مسلسل احتجاج کیا جارہا ہے۔ اس دوران اب تک 400سے زائد شہری ہلاک جبکہ ہزاروں گرفتار ہو کر جیلوں میں جا چکے ہیں۔