ترکیہ کی شام میں کارروائی، داعش کا سربراہ ہلاک

Published On 01 May,2023 12:20 pm

انقرہ : (ویب ڈیسک ) ترکش انٹیلی جنس فورسز نے شام میں کارروائی کرتے ہوئے داعش کے سربراہ ابو الحسین القریشی کو ہلاک کردیا ، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان نے تصدیق کر دی۔

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان نے ایک ٹی وی انٹرویو میں بتایا کہ ان کی انٹیلی جنس فورسز نے داعش کے سربراہ کو شام میں آپریشن کے دوران ہلاک کر دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ داعش کے سربراہ کے خلاف کارروائی شام کے علاقے جنداریس میں کی گئی۔

ترک صدر کا کہنا تھا کہ ترکیہ کی قومی انٹیلی جنس تنظیم کافی عرصے سے داعش کے سربراہ ابو الحسین الحسینی القریشی کا تعاقب کررہی تھیں ، اب سے ہم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف لڑائی بلا امتیاز جاری رکھیں گے۔

خبررساں اداروں کے مطابق جنداریس کے ایک رہائشی نے بتایا کہ ہفتہ اور اتوار کی شب علاقے میں شدید جھڑپیں ہوئیں اور دھماکے کی آواز سنی گئی۔

خبررساں اداروں کے مطابق شامی نیشنل آرمی نے اب تک داعش کے سربراہ کے مارے جانے کی خبر پر کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

واضح رہے کہ نومبر 2022 میں داعش کے سربراہ ابوالحسن الہاشمی القریشی کے مارے جانے کے بعد ابو الحسین الحسینی القریشی کو دہشتگرد تنظیم کا نیا سربراہ بنایا گیا تھا۔
 

Advertisement