لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی شاہ چارلس تاج پوشی کے دن700 سال قدیم کرسی پر بیٹھیں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ کے شاہ چارلس کی تاجپوشی رواں ہفتے 6 مئی کوہوگی، اس روز کرسیوں کے ایک گروپ کے استعمال کا مشاہدہ کیا جائے گا۔
تاریخی سینٹ ایڈورڈ کی کرسی جو 700 سال سے زیادہ پہلے بنائی گئی تھی اور پہلی مرتبہ 1308 میں کنگ ایڈورڈ دوم کی تاجپوشی کے موقع پر استعمال ہوئی تھی وہی کرسی چارلس کی تاجپوشی کے وقت استعمال کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: برطانوی شاہ چارلس سوم کی تاج پوشی کی تیاریوں کا آغاز ہو گیا
علاوہ ازیں بادشاہ اور ان کی اہلیہ کمیلا تقریب کے مختلف مراحل میں دیگر تاریخی کرسیوں پر بیٹھیں گے، چارلس کو ہفتے کے روز لندن کے ویسٹ منسٹر ایبی میں ایک تقریب میں باضابطہ طور پر بادشاہ کا تاج پہنایا جائے گا جس میں مختلف سربراہان مملکت اور غیر ملکی معززین شرکت کریں گے۔
شاہ چارلس اپنی والدہ ملکہ الزبتھ کی جگہ سنبھالیں گے جن کاانتقال ستمبر میں ہو گیا تھا، چارلس اور ان کی اہلیہ کمیلا تاجپوشی کے موقع پر ملبوسات کے دو سیٹ پہنیں گے۔
آمد پر سرخ رنگ کا ٹکسڈو اور روانگی کے وقت ایک شاہی جامنی رنگ کا گاؤن پہنیں گے ۔ یہ ملبوسات یا تو پہلے سے محفوظ کیے جا چکے ہیں جنہیں لندن کی 334 سالہ ٹیلرنگ فرم ایڈی ریوین کرافٹ نے تیار کیا ہے ۔