واشنگٹن : (دنیانیوز) سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری پر امریکا کی جانب سے ردعمل کا اظہار کیاگیاہے ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے بارے میں آگاہ ہیں اور امریکا جیسے پہلے کہہ چکا ہے کہ وہ کسی ایک سیاسی امیدوار یا جماعت پر پوزیشن نہیں رکھتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں جمہوری اقدار کی عزت اور قانون کی حکمرانی کا مطالبہ کرتا ہے اور ہم زور دیتے ہیں کہ عمران خان کی گرفتاری پر تمام مظاہرین پُرامن طور پر اپنی شکایات کا اظہار کریں جبکہ حکام بھی حقوق، جمہوری اصولوں کے مطابق تحمل سے جواب دیں۔
یہ بھی پڑھیں :عمران خان کی گرفتاری، امریکا سمیت کئی ممالک کی ٹریول ایڈوائزی جاری
اس حوالے سے امریکی رکن کانگریس بریڈ شرمین نے سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری بدعنوانی پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری سے پورے ملک میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری کا جواز نہیں بنتا ۔
بریڈ شرمین کا کہنا تھا کہ عمران خان کی لائیو اسٹریمنگ ہو تاکہ لوگوں کو پتہ ہو کہ وہ محفوظ ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نیب نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتار کر لیا تھا جس کے بعد ملک بھر میں پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔