سمندری طوفان نے میانمار اور بنگلہ دیش میں تباہی مچادی

Published On 15 May,2023 11:52 am

ڈھاکہ : (ویب ڈیسک ) خلیج بنگال میں بننے والے سمندری طوفان موچا نے میانمار اور بنگلہ دیش سے ٹکرانے کے بعد تباہی مچادی۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق میانمار میں لینڈ سلائیڈنگ اور درخت گرنے سے 5 افراد ہلاک اور متعددزخمی ہوگئے جبکہ بنگلہ دیش میں کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی ۔

خبر ایجنسی کے مطابق کیٹگری 5 شدت کے طوفان کے باعث شدید بارشوں اور تیز ہواؤں سے درخت اکھڑ گئے، بجلی کا نظام معطل جبکہ طوفان نے ساحلی علاقوں میں نظام زندگی مفلوج کردیا۔

حکام کا کہنا ہے بنگلا دیش میں روہنگیا مسلمانوں کے کیمپوں میں مقیم افراد بھی مشکلات سے دو چار ہیں، لینڈ سلائیڈنگ کے باعث راستے بند ہوگئے، متعدد مکانات کو نقصان پہنچا۔

طوفان کے راستے میں آنے والے علاقوں کے 20 لاکھ افراد کے براہِ راست متاثر ہونے کے خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، بنگلہ دیش کی سب سے بڑی بندرگاہ پرسرگرمیوں کو معطل کر دیا گیا ہے جبکہ کشتیوں کی آمدورفت اور ماہی گیری بھی روک دی گئی ہے ۔

یہ بھی پڑھیں :دودہائیوں کا سب سے خطرناک طوفان میانمار اور بنگلہ دیش کے ساحلوں سے ٹکرا گیا

یاد رہے کہ طوفان ’موچا‘ کے پیشِ نظر بنگلا دیش سے تقریباً ساڑھے سات لاکھ افراد کا انخلاء کرا لیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ماہرین کی جانب سے سائیکلون کو بنگلہ دیش میں دو دہائیوں میں آنے والے اب تک کے طاقتور ترین طوفان قرار دیا گیا ہے ۔

یاد رہے کہ نومبر 2007 میں سائیکلون سدر بنگلہ دیش کے ساحلی علاقوں سے ٹکرایا تھا جس سے تین ہزار سے ہلاک ہوئے تھے جبکہ اربوں ڈالر کا نقصان ہوا تھا۔