ڈھاکہ : (ویب ڈیسک ) خلیج بنگال میں بننے والا طاقتور ترین سمندری طوفان ’موچا‘ میانمار اور بنگلہ دیش کے ساحلوں سے ٹکرا گیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق سائیکلون ’موچا‘ دو دہائیوں میں آنے والا طاقتور ترین طوفان ہو سکتا ہے، کیٹگری 5 شدت کے طوفان کے باعث شدید بارشوں اور تیز ہواؤں سے درخت اکھڑ گئے۔
سمندری طوفان ’موچا‘ کے آنے سے قبل جنوب مشرقی بنگلہ دیش میں تقریباً پانچ لاکھ افراد کو محفوظ علاقوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔
طوفان کے راستے میں آنے والے علاقوں کے 20 لاکھ افراد کے براہِ راست متاثر ہونے کے خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، بنگلہ دیش کی سب سے بڑی بندرگاہ پرسرگرمیوں کو معطل کر دیا گیا ہے جبکہ کشتیوں کی آمدورفت اور ماہی گیری بھی روک دی گئی ہے ۔
بنگلہ دیش میں روہنگیا مسلمانوں کے کیمپوں کو طوفان سے شدید خطرہ ہے، میانمار میں بھی حکام شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر رہے ہیں طوفانی بارش سے لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات رونما ہو سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ نومبر 2007 میں سائیکلون سدر بنگلہ دیش کے ساحلی علاقوں سے ٹکرایا تھا جس سے تین ہزار سے ہلاک ہوئے تھے جبکہ اربوں ڈالر کا نقصان ہوا تھا۔