لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت لیسکو ریجن میں آندھی اور تیز بارش کے باعث بجلی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہو گیا۔
لیسکو کے 400 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث متعدد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے۔
بھٹہ چوک،علی پارک، ایئر پورٹ روڈ، بیڈن روڈ، سبزہ زار، شاد باغ، پرانا کاہنہ، وارث روڈ، لنڈا بازار، گجر پورہ، فتح گڑھ، ہربنس پورہ ،جوہر ٹاؤن ،ٹھوکر نیاز بیگ، سمن آباد، شاہدرہ ،راوی روڈ کے متعدد علاقوں میں بجلی بند ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور سمیت مختلف شہروں میں تیز ہواؤں کیساتھ بارش، موسم خوشگوار ہو گیا
ترجمان لیسکو کا کہنا ہے لیسکو فیلڈ سٹاف کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، موسم کی خرابی کے پیش نظر لیسکو انتظامیہ کے معزز صارفین سے تعاون کی اپیل ہے، صارفین سے درخواست ہے کہ بارش کے دوران بجلی کی تنصیبات سے دور رہیں۔
شہریوں سے التماس ہے کہ بجلی کے ہائی وولٹیج تاروں، ٹرانسفارمرز کے نیچے غیر قانونی تعمیرات، سٹال یا ٹھیلہ لگانے سے گریز کریں، اپنے بچوں کو خصوصی تاکید کریں کہ وہ گلی، محلوں میں کھیلتے ہوئے بجلی کی تنصیبات سے دور رہیں۔
صارفین کو چاہئے کہ وہ بجلی کی ہائی ٹینشن لائنوں سے کم از کم 10 فٹ کا فیصلہ اختیارکریں، بجلی معطل ہونے کی صورت میں لیسکو کو مطلع کر کے عملے کے آنے کا انتظار کریں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں مون سون بارشیں معمول سے کم رہنے کی پیش گوئی
لیسکو چیف انجینئر شاہد حیدر کا کہنا ہے کہ بارشوں کے دوران لائن پر کام کرنے والے فیلڈ ملازمین سیفٹی سے متعلق تمام ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔
لائن سٹاف حفاظتی آلات کے بغیر ہرگز کام نہ کریں، صارفین کی شکایات کے ازالے کے ساتھ ساتھ اپنی قیمتی جان کی بھی حفاظت کریں اور قطعاً جلد بازی نہ کریں۔
کسی بھی ہنگامی صورتحال میں اپنے متعلقہ علاقے کے شکایات دفتر سے فوری رابطہ کریں یا ٹیلی فون نمبروں 03200520888 ، 118 پر اطلاع دیں۔