واشنگٹن : (ویب ڈیسک ) روس سے لڑائی کے لیے امریکا نے یوکرین کو کلسٹر گولہ بارود دینے کا اعلان کردیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیموکریٹس نے بائیڈن حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کلسٹر بموں سے بچوں اور عام شہریوں کو خطرات ہوں گے۔
بائیڈن نے اسے مشکل فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اتحادیوں سے بھی بات کی تھی، یوکرین کے پاس اسلحہ ختم ہورہا ہے۔
وائٹ ہاؤس نے جمعہ کو اعلان کیا تھا کہ امریکہ اس تنازع میں یوکرین کو بے دفاع نہیں چھوڑے گا، یوکرین کو کلسٹر گولہ بارود کی ترسیل اس کے جوابی حملے کے لیے موزوں وقت کے مطابق ہوگی۔
نائب وزیر دفاع نے کہا کہ کلسٹر بموں کے غیر ذمہ دارانہ استعمال روکنے کے لیے یوکرین سے رابطے میں ہیں۔
علاوہ ازیں امریکی صدر بائیدن نے اعلان کیا ہے کہ امریکا نے اپنے تمام کیمیائی ہتھیار تباہ کردیے ہیں ، امریکا نے اپنے ذخیرے کو بحفاظت تلف کر دیا ہےاور یہ اقدام ہمیں کیمیائی ہتھیاروں کی ہولناکیوں سے پاک دنیا کے قریب لایا ہے۔
کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کی تنظیم کا کہنا ہے کہ خطرناک کیمیائی مادے اس طرح تباہ کیے گئے کہ دوبارہ حاصل نہ کیے جاسکیں۔
وائٹ ہاؤس نے روس پر یوکرین کی جنگ میں کلسٹر گولہ بارود استعمال کرنے کا الزام لگاتے ہوئے زور دیا کہ کیف کو نیٹو میں شمولیت کے لیے مزید اقدامات کرنے چاہییں۔
دوسری طرف ہیومن رائٹس واچ نے روس اور یوکرین سے کلسٹر گولہ بارود کا استعمال بند کرنے کا مطالبہ کیا اور امریکہ پر زور دیا کہ کلسٹر گولہ بارود کیف کو فراہم نہ کیا جائے۔