نئی دہلی : (ویب ڈیسک ) بھارت میں مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی، سیلابی صورتحال اور لینڈسلائیڈنگ کے باعث 22 افراد ہلاک ہوگئے۔
بھارتی ریاستوں ہماچل پردیش، اترکھنڈ، اترپردیش میں گزشتہ روز شدید بارش ہوئی، ریاست ہماچل پردیش میں طوفانی بارشوں کے بعد دریائے بیاس بپھر گیا ، پانی کناروں سےباہرنکل کرآبادیاں اور گاڑیاں اپنےساتھ بہا لے گیا، لاکھوں لوگ متاثر ہوئے ہیں ۔
انتظامیہ نے ہماچل پردیش کے 7 اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے جبکہ نشیبی علاقوں میں سیلاب اور لینڈسلائیڈنگ کی وارننگ جاری کردی گئی۔
ہماچل پردیش کے 12 میں سے 10 اضلاع میں 204 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہنگامی حالات کے پیش نظر ریاست میں 700 سڑکوں کو بند کردیا گیا ۔
بھارتی دارالحکومت نئی دلی میں 24 گھنٹوں میں بارش کے سبب 15عمارتیں گرگئیں اور آج بھی بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
بھارتی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دلی میں 153 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ، جوکہ سال 1982کے بعد ریکارڈ ہے ۔
خبرایجنسی کے مطابق ہماچل پردیش میں شدید بارش کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہونے سے پل بہہ گیا ، بھارتی ریاست اترکھنڈ میں 3روز کیلئے شدید بارش کا اورنج الرٹ جاری کردیا گیا۔
بھارتی محکمہ موسمیات کی آج ریاست پنجاب، ہریانہ، چندی گڑھ، راجستھان میں شدیدبارش کی پیشگوئی کی گئی ہے ، مغربی بنگال، سکم، آسام ، میگھالیہ، اروناچل پردیش، منی پور میں 5 روز تک شدید بارش کا امکان ہے۔