لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب رینجرز اور ریسکیو 1122 نے بھارت کی جانب سے آنے والے سیلابی ریلے میں پھنسے لوگوں کو بچا لیا۔
پنجاب رینجرز اور ریسکیو 1122 نے شکر گڑھ میں مشترکہ ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے دھان کی کاشتکاری کے دوران پھنسنے والے بیشتر افراد کو سیلابی ریلے میں ڈوبنے سے بچالیا ہے۔
بھارت کی جانب سے آنے والے سیلابی ریلے کی اطلاع ملتے ہی پنجاب رینجرز اور ریسکیو 1122 نے شکرگڑھ کے سرحدی علاقے میں ریسکیو آپریشن کیا، ریسکیو 1122 اور پنجاب رینجرز کی ریسکیو ٹیموں نے خواتین، بچوں سمیت 223 افراد کو بحفاظت نکال لیا۔
سیلابی ریلے میں پھنسے افراد نے ریسکیو آپریشن کامیابی سے مکمل ہونے پر ریسکیو ٹیموں کا شکریہ ادا کیا جبکہ مزید کسی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اب بھی پنجاب رینجرز کی ریسکیو ٹیم متاثرہ علاقے میں موجود ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے شکرگڑھ میں سیلابی ریلے میں پھنسے لوگوں کے بروقت انخلاء اور مدد پر رینجرز اور ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کی خدمات کو سراہا ہے۔
وزیراعظم نے ممکنہ طور پر متاثر ہونے والے علاقوں میں لوگوں کی آگاہی اور بروقت و بحفاظت انخلا کی تیاریوں کی بھی ہدایت کر دی۔