پرتگال : (ویب ڈیسک ) بحیرہ اوقیانوس کے جزیرے پر تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے متعدد افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 40 کو بچا لیاگیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق افسوس ناک واقعہ بحیرہ اوقیانوس کے جزیرے کیپ وردے کے ساحل پر پیش آیا جہاں درجنوں افراد سے بھری کشتی پانی میں ڈوب گئی۔
مقامی میڈیا کاکہنا ہے کہ یہ تارکین وطن ایک ماہ قبل عام طرز کی کشتی میں مغربی افریقا کے ملک سینیگال سے روانہ ہوئے تھے جس میں تقریباً 100 افراد سوار تھے۔
کشتی ڈوبنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو عمل شروع کیا گیا اور 40 کے قریب افراد کو بچالیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مقامی انتظامیہ نے حادثے میں مرنے والوں کی تعداد کی فی الحال کوئی تصدیق نہیں کی ہے۔
اس حوالے سے سینیگال کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ کیپ وردے کے ساحل پر تارکین وطن کی کشتی کو پیش آئے حادثے کے بعد 38 افراد کو بچالیا گیا ہے۔
ہرسال سینکڑوں تارکین وطن غربت اور تنگدستی سے نجات پانے کیلئے اپنی زندگیاں خطرے میں ڈالتے ہیں ، اکثروہ سمگلنگ میں ملوث کشتی یا موٹربوٹس سے سفر کرتے ہیں جو کہ ان سے منہ مانگا معاوضہ طلب کرتے ہیں ۔