اسلام آباد: (دنیا نیوز) فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے دنیا بھر میں عوام سڑکوں پر نکل آئے ہیں، امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا، جاپان، مصر، تیونس اور لبنان سمیت مختلف ممالک میں اسرائیل مخالف مظاہرے اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔
نیویارک ٹائمز سکوائر میں عوام نے فلسطینیوں کے حق میں مظاہرہ کیا، مظاہرے میں شریک افراد نے ظلم کے شکار فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی بھرپور مذمت کی، شرکا نے فلسطینیوں کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔
لندن میں اسرائیلی مظالم کیخلاف سینکڑوں کی تعداد میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے، شرکا کی جانب سے اسرائیلی بمباری سے شہید ہونے والے افراد کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
مظاہرین نے اقوام متحدہ سمیت عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ فوراً جنگ بند کروانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
خیال رہے کہ اسرائیل نے فلسطینیوں کو شمالی غزہ 24 گھنٹے میں خالی کرنے کا الٹی میٹم دے رکھا ہے، شمالی غزہ میں 11 لاکھ فلسطینی رہائش پذیر ہیں۔
امریکی اخبار کے مطابق اسرائیل نے اقوام متحدہ کو بھی شمالی غزہ سے اپنا عملہ نکالنے کا حکم جاری کر دیا ہے، ہیومن رائٹس واچ کی جانب سے اسرائیل پر غزہ اور لبنان پر بمباری میں سفید فاسفورس کے استعمال کا الزام بھی عائد کیا جا چکا ہے۔