غزہ پراسرائیلی حملوں میں تیزی ، حماس کا ’شدید لڑائی‘ لڑنے کا دعویٰ

Published On 30 October,2023 09:45 am

غزہ : (دنیانیوز/ویب ڈیسک ) غزہ میں نہتے شہریوں پر اسرائیلی افواج کی جانب سے بمباری میں تیزی آگئی ہے جبکہ حماس نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کے ساتھ شدید لڑائی جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 9ہزار سے زائد ہوگئی ہے ۔

انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کے مطالبات، عالمی سطح پر غم و غصہ اور غزہ میں یرغمالیوں کو لاحق ممکنہ خطرے کے باوجود، اسرائیل نے حماس کے خلاف جنگ کو مزید بڑھا دیا ہے۔

نہتے شہریوں پر اسرائیلی زمینی ، فضائی اور بحری محاذ پرمسلسل حملے جاری ہیں ، اندھادھند بمباری کے باعث ہر طرف تباہی  ہے، رہائشی عمارتیں ، سکول ، ہسپتال اور مساجد کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔

وسطی غزہ میں اسرائیلی بمباری سے دیرالبلا کی مسجد بلال بن رباح شہید ہوگئی ، مسجد کے ساتھ بے گھروں کی پناہ گاہ بنے مکانات بھی کھنڈر بن گئے، اسرائیل نے غزہ کے سب سے بڑے الشفا ہسپتال کے قریب بم برسا دیے، القدس ہسپتال کی جانب آنے والے راستوں کو بھی تباہ کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں :برتھ سرٹیفکیٹ سے قبل ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری،اسرائیلی بمباری میں ایک دن کا بچہ بھی شہید

دل دہلا دینے والے مناظر میں ایک روز کے بچے سمیت 3600 سے زائد بچے، 1800سے زائد خواتین شہید ہوگئےجبکہ 22 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہوئے ہیں ۔

عرب میڈیا کاکہنا ہے کہ فلسطینی وزارت تعلیم کے ترجمان صادق الخضور نے اتوارکے روز بتایا کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی جارحیت کے دوران اب تک 2000 طلباء اور محکمہ تعلیم کے 70 سے زائد ملازم شہید ہوچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :7 اکتوبر سے پہلے کی پوزیشن پر واپسی نہیں ہو سکتی : اسرائیل

ادھر اسرائیلی فورسز نے اتوار کے روز غزہ میں حماس کے خلاف زمینی کارروائی شروع کی، جسے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے حماس کی بیخ کنی کا دوسرا مرحلہ قرار دیا ہے ۔

اسرائیل نے غزہ میں مزید فوجی دستے بھیجنے کا بھی فیصلہ کیا ہے  اور اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ مزید فوجی دستے غزہ میں موجود اپنی فورسز کی مدد کریں گے، غزہ میں زمینی کارروائیوں اور افواج کی تعداد کو بڑھا رہے ہیں، زمینی کارروائی میں ہماری افواج کیلئے بھی خطرات موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :غزہ لہو لہو : اسرائیل کی وحشیانہ بمباری جاری، فلسطینی شہداء کی تعداد 9 ہزار سے متجاوز

ادھر 24 گھنٹوں میں حماس کےچارسو پچاس ٹھکانوں کونشانہ بنانے کا دعوی کیا گیا ہے ، حماس کی جانب سے فوجی ہیڈ کوارٹر اور چیک پوسٹوں پرمیزائل داغے گئے ہیں ۔

حماس کے اعلیٰ عہدیدار موسیٰ ابو مرزوق نے اتوار کو جاری بیان میں مصر سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ غزہ میں امداد کی ترسیل کو تیز کرنے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کرے۔

یہ بھی پڑھیں :اسرائیل کا غزہ میں مزید تازہ دم فوجی دستے بھیجنے کا فیصلہ

گزشتہ روز اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے ساتھ ٹیلی فونک رابطے میں امریکی صدر جو بائیڈن نے غزہ میں فوری اور زیادہ امدادی سامان پہنچانے کی ضرورت پر زور دیا۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اتوار کے روز خبردار کیا کہ غزہ کی پٹی میں صورتحال تیزی سے خراب ہو رہی ہے، انہوں نے خونریزی کے "ڈراؤنے خواب" کو ختم کرنے کے لیے ایک بار پھر جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

گوتریس نے کہا کہ شہریوں کو نشانہ بنانا مکمل طور پر ناقابل قبول ہے، دنیا ہماری نگرانی میں ایک انسانی تباہی کا مشاہدہ کر رہی ہے، 20 لاکھ سے زائد افراد زندگی کی بنیادی ضروریات خوراک، پانی، پناہ گاہ، اور طبی ضروریات سے محروم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا حماس اور اسرائیل سے یرغمالیوں کو رہا کرنے کا مطالبہ

اسرائیلی مظالم کے خلاف دنیا بھر میں احتجاج بھی جاری ہے ، بھارتی ریاست کیرالہ میں فلسطینی عوام اسے اظہار یکجہتی کےلیے مظاہرہ کیا گیا جبکہ شرکاء کی مودی اور اسرائیلی حکومت کیخلاف نعرے بازی بھی کی گئی ۔

جرمنی کے شہر برلن میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کےلیے عوام سڑکوں پر نکل آئے، اسرائیلی مظالم کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی جبکہ سپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں بھی اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاج کیا گیا۔

لبنان کے دارالحکومت بیروت میں بڑا اجتماع ، جہاں مظاہرین نے اہل غزہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ،  جاپان اور بیلجیئم میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے ۔

واضح رہے کہ اسرائیل غزہ کی پٹی میں حماس کے خلاف جاری آپریشن کی آڑ میں طاقت کا اندھا دھند استعمال کررہا ہے جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں شہریوں بالخصوص خواتین اور بچے شہید ہورہے ہیں ۔