لاہور: (ویب ڈیسک) غزہ میں نسل کشی کے خلاف مذمتی خط پر دستخط کرنے کی وجہ سے امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے اپنی ایوارڈ یافتہ صحافی سے استعفیٰ لے لیا۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج کی غزہ میں نسل کشی کے خلاف ادیبوں کے مذمتی خط پر دستخط کرنا جرم بن گیا، خاتون صحافی جازمین ہگز نے گزشتہ ہفتے “Writers Against the War on Gaza” مذمتی خط پر دستخط کیے جس کا عنوان "اسرائیل کی غزہ میں حماس کیخلاف جنگ نسل کشی ہے" تھا، خط پر معروف صحافیوں اور مصنفین سمیت سیکڑوں افراد نے دستخط کیے تھے۔
نیویارک ٹائمز میگزین کے ایڈیٹر نے جمعہ کو اپنے عملے کو ایک ای میل میں خاتون صحافی کے استعفیٰ کے بارے میں بتایا کہ غزہ میں نسل کشی کیخلاف مذمتی خط پر دستخط کرنا ادارے کی پالیسی کی واضح خلاف ورزی تھی جبکہ خاتون صحافی نے معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔
واضح رہے کہ صحافی جازمین ہگز نے 2015ء میں نیویارک ٹائمز میں شمولیت اختیار کی اور میگزین کی ایڈیٹر اور مصنفہ کے طور پر کام کیا، 2020 میں انہوں نے 30 سال سے کم عمر صحافیوں کے امریکن سوسائٹی آف میگزین ایڈیٹرز نیکسٹ ایوارڈ جیتا جبکہ رواں سال انہوں نے نیشنل میگزین ایوارڈ بھی اپنے نام کیا۔