ٹوکیو: (دنیا نیوز/ ویب ڈیسک) G7 ممالک کے وزرائے خارجہ نے اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ کو انسانی بنیادوں پر ختم کرنے کی حمایت کی ہے۔
جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں ہونیوالے جی7 ممالک کے وزراء خارجہ نے اجلاس کے بعد مشترکہ بیان میں کہا کہ ہم غزہ میں بگڑتے ہوئے انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے ہنگامی کارروائی کی ضرورت پر زور دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم فوری طور پر درکار امداد، شہریوں کی نقل و حرکت اور سہولت فراہم کرنے کے لیے انسانی بنیادوں پر جنگ بندی اور راہداریاں کھولنے کی حمایت کرتے ہیں۔
وزراء خارجہ کا مشترکہ بیان میں کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ 7 اکتوبر کو حماس کے حملے کے بعد سے یرغمال بنائے گئے تمام افراد کو رہا کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل غزہ پر قبضہ نہیں کرسکتا: امریکی وزیر خارجہ
ٹوکیو میں جی 7 وزرائے خارجہ کے اجلاس کی صدارت کرنے والے جاپانی وزیر خارجہ یوکو کامیکاوا نے کہا کہ گروپ کے ممالک کا ماننا ہے کہ دو ریاستی حل کا اصول مشرق وسطیٰ میں تنازعات کے حل کی واحد بنیاد ہے۔
G7 وزرائے خارجہ کے اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جی 7 کے اراکین علاقائی شراکت داروں کے ساتھ مل کر مشرق وسطیٰ میں تنازع کوپھیلنے سے روکنے کے لیے کام کر رہے ہیں، ہم حماس کو فنڈز کی فراہمی روکنے سمیت دیگر اقدامات پربھی کام کر رہے ہیں۔
G7 ممالک نے ایرانی حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی تحریک حماس اور لبنانی حزب اللہ کی حمایت ترک کرے۔