61 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان شمالی غزہ پہنچ گیا: اقوام متحدہ

Published On 26 November,2023 11:21 am

جینیوا: (ویب ڈیسک ) اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ طبی سامان، خوراک اور پانی سے لدے 61 ٹرکوں نے شمالی غزہ میں امداد پہنچا دی ہے، جھڑپوں میں وقفے کے سبب امداد وہاں پہنچائی جا سکتی ہے۔

اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ برائے انسانی امور (او سی ایچ اے) نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل کے شہر نتزانہ سے مزید 200 ٹرک غزہ کی پٹی کے لیے روانہ کیے گئے ہیں، جن میں سے 187 شام کو بارڈر سے گزر چکے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ 11 ایمبولینسیں، 3 کوچز اور ایک فلیٹ بیڈ الشفا ہسپتال پہنچایا گیا، جہاں حالیہ دنوں میں شدید لڑائی دیکھنے میں آئی۔

اقوام متحدہ کے جاری بیان میں فلسطینی اور مصری ہلال احمر گروپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مزید کہا گیا کہ جھڑپوں میں جتنا طویل وقفہ جاری رہے گا، اتنی ہی زیادہ امداد انسانی ہمدردی کے ادارے غزہ اور اس کے پار بھیج سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں :جنگ بندی کا دوسرا روز، رات گئے 13 اسرائیلیوں کے بدلے 39 فلسطینی رہا

ادھر شاہ سلمان ریلیف سینٹر بھی غزہ کی پٹی میں انسانی امداد کے لیے سمندری اور فضائی راستے سے امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھےہوئے ہے۔

مرکز کے ترجمان نے غزہ میں خوراک اور طبی امداد پر مشتمل 11 ٹرکوں کے غزہ میں داخلے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 19 مال بردار طیارہ امدادی سامان کے ساتھ کل مصر کے شہر العریش کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچا ہے۔