غزہ میں عام شہریوں کا تحفظ اسرائیل کی ذمے داری ہے: امریکی سیکرٹری دفاع

Published On 04 December,2023 01:04 am

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی سیکرٹری دفاع نے کہا ہے کہ غزہ میں عام شہریوں کی جانوں کا تحفظ کرنا اسرائیل کی اخلاقی ذمے داری کے ساتھ ساتھ سٹریٹجک ضرورت بھی ہے، اسرائیل غزہ میں عام شہریوں کا تحفظ یقینی بنائے۔

کیلیفورنیا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی سیکرٹری دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا ہے کہ ہم عام شہریوں کی جانوں کے تحفظ اور انسانی امداد کی بلا رکاوٹ ترسیل کیلئے اسرائیل پر دباؤ ڈالتے رہیں گے، یہ نہ صرف اہم ترین کام ہے بلکہ بہترین حکمت عملی بھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حزب اللہ کے حملے جاری رہے تولبنان کو بھی تباہ کر دیا جائے گا : اسرائیل

لائیڈ آسٹن نے کہا کہ یہ جنگ صرف شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنا کر ہی جیت سکتے ہیں، اس نوع کی جنگ میں عام شہری آبادی کو مرکزی اہمیت حاصل ہے اور اگر اس آبادی کو دشمن کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا جائے تو پھر حکمت عملی سے فتح شکست میں بدل جاتی ہے۔

امریکی سیکرٹری دفاع لائیڈ آسٹن کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیل نے حماس پر جنگ کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے غزہ میں پھر سے شدید بمباری شروع کر دی ہے اور ایک ہی روز میں 700سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔