واشنگٹن: (ویب ڈیسک ) امریکا نے یوکرین کے لئے رواں سال کے آخری امدادی پیکیج کے طورپر 250 ملین ڈالر کی اضافی فوجی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔
روسی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اعلان کیا ہے کہ یوکرین کو اضافی 250 ملین ڈالر کی فوجی امداد یوکرین کیلئے امداد میں کمی کی ہدایت کے مطابق ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیکج میں فضائی دفاع کے لئے استعمال ہو نے والا گولہ بارود، راکٹ، توپ خانے کے155 ایم ایم اور 105 ایم ایم کےگولے اور چھوٹے ہتھیاروں کے گولہ بارود کے ایک کروڑ 50 لاکھ سے زیادہ راؤنڈ شامل ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ نے اس موقع پر امریکی کانگرس پر زور دیا کہ وہ یوکرین کے لئے امداد کی جلد منظوری دینے کے اقدامات کر ے تاکہ یوکرین کو اپنے دفاع اور اپنے مستقبل کو محفوظ بنانے میں مدد کر کے امریکا قومی سلامتی کے مفادات کو آگے بڑھایا جا سکے۔
امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کی طرف سے جاری بیان میں بھی کانگریس پر زور دیا گیا ہے کہ وہ جلد سے جلد اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کارروائی کرے تاکہ یوکرین کے لیے امریکی حمایت جاری رہ سکے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر بائیڈن کو اکتوبر میں کانگرس سے یوکرین کے لئے 60 بلین ڈالر کی امداد کے پیکیج کی منظوری حاصل کرنے میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔