یوکرین نے میزائل حملے سے روس کا جنگی بحری جہاز تباہ کردیا

Published On 26 December,2023 08:44 pm

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس نے تصدیق کی ہے کہ بحیرہ اسود میں اس کے جنگی جہاز کو میزائل حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے جس میں ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کے زیر قبضہ علاقے کریمیا میں فیوڈوسیا کے مقام پر بحری جہاز کو نشانہ بنایا گیا، میزائل حملے میں 6 عمارتیں بھی تباہ ہوگئیں۔

میزائل حملے سے بحری جنگی جہاز میں آگ بھڑک اُٹھی، حملے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں 3 زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

یہ میزائل حملہ یوکرین کی جانب سے کیا گیا تھا جہاں روسی فوجیں دو سال قبل داخل ہوئی تھیں اور مختلف محاذوں پر دونوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔