ہمسائیہ ملک کی فلمیں دیکھنے پر شمالی کوریا میں 2 نابالغ بچوں کو 12 سال قید

Published On 20 January,2024 07:30 am

سیئول: (ویب ڈیسک) شمالی کوریا میں دو نا بالغ لڑکوں کو ہمسائے ملک کی فلمیں اور میوزک ویڈیوز دیکھنے پر 12 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی کوریا میں دو کم عمر لڑکوں کو حراست میں لیا گیا جن کی عمریں تقریباً 16 سال بتائی جاتی ہیں، دونوں نوجوانوں کو جنوبی کوریا کے معروف میوزیکل بینڈ K-Pop کے گانے سننے اور ویڈیوز دیکھنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شمالی کوریا کی عدالت میں دونوں نوجوانوں کو قید بامشقت کی سزا سنائی جا رہی ہے، ویڈیوز میں سرمئی رنگ کے ایک آڈیٹوریم میں دو طلبا کو ہتھکڑیاں لگائی گئیں اور انہوں نے چہرے پر ماسک لگایا ہوا ہے، سزا سنائے جانے کے وقت تقریباً 1,000 طالبعلم موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق طالبعلموں کو تین ماہ کے دوران جنوبی کوریا کی فلمیں، موسیقی اور میوزک ویڈیوز دیکھنے اور پھیلانے کے جرم میں سزا سنائی گئی۔

یاد رہے کہ ویڈیوز کی سب سے پہلے تصدیق برطانوی نشریاتی ادارے کی جانب سے کی گئی لیکن ان کے بارے میں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ یہ ویڈیوز کورونا وبا کے دوران کی ہیں جب شمالی اور جنوبی کوریا کے درمیان تناؤ عروج پر تھا۔