اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کئے گئے۔
اجلاس کے دوران وفاقی کابینہ نے ایران سے سفارتی تعلقات بحال کرنے کی منظوری دے دی، پاکستانی سفیر جلد واپس جاکر ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
اجلاس میں ملکی سکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس میں شرکا نے اتفاق کیا کہ پاکستان ہمسایہ ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتا ہے۔
وفاقی کابینہ نے قومی سلامتی کمیٹی فیصلوں کی توثیق کر دی، وزیراعظم آفس قومی سلامتی کمیٹی اور وفاقی کابینہ کے فیصلوں کا اعلامیہ جاری کرے گا۔
واضح رہے کہ 17 جنوری کو ایران کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود میں حملے کے نتیجے میں 2 معصوم بچے جاں بحق اور 3 بچیاں زخمی ہو گئی تھیں۔
ایران کی جانب سے اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے 48 گھنٹے سے بھی کم وقت کے اندر پاکستان نے ایرانی صوبے سیستان و بلوچستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملہ کیا تھا جس میں متعدد دہشت گرد مارے گئے تھے، ایرانی میڈیا نے تصدیق کی تھی کہ مارے جانیوالے افراد ایرانی شہری نہیں ہیں۔