لاہور: (دنیا نیوز) پاک ایران کشیدگی کو جواز بنا کر گیس مافیا نے ایل پی جی کی قیمت میں پھر اضافہ کر دیا۔
ایل پی جی کی قیمت میں فی کلو 10 روپے کا مزید اضافہ کر دیا گیا جس کے بعد گھریلو سیلنڈر کی قیمت میں 120 اور کمرشل سلینڈر میں 450 روپے کا اضافہ ہو گیا۔
ایل پی جی کی رواں ماہ کے لیے سرکاری قیمت 256 روپے مقرر ہے لیکن مافیا ایل پی جی 256 روپے کے بجائے 320 سے لیکر 330 روپے فی کلو فروخت کر رہا ہے۔
ایل پی جی مہنگی فروخت کرنے والوں کے خلاف اوگرا اور نہ ہی نگران حکومت نے کوئی کارروائی کی ہے۔
عرفان کھوکھر کے مطابق ایل پی جی کی مہنگی فروخت کے خلاف کارروائی نہیں کی جارہی جبکہ سارے لوگ ہم پر الزام لگاتے ہیں کہ مہنگی ایل پی جی فروخت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اوگرا اور پولیس ہمیں پکڑ لیتی ہے جو کمپنیاں مہنگی ایل پی جی فروخت کر رہی ہیں روزانہ کروڑوں روپے کماتے ہیں ان کے خلاف کون کارروائی کرے گا۔