پاکستان ایران کی جانب سے تمام مثبت اقدامات کا خیرمقدم کرے گا، وفاقی کابینہ کے اجلاس کا اعلامیہ جاری

Published On 19 January,2024 10:12 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کے زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں وزارت خارجہ نے نگران وفاقی کابینہ کو پاکستان پر ایرانی حملے سے پیدا ہونے والی صورتحال سے آگاہ کیا، نگران وفاقی کابینہ کے اجلاس میں حملے کی تفصیلات کے ساتھ ساتھ پاکستان کے ردعمل کا بھی جائزہ لیا گیا۔

کابینہ نے اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی جس کے ساتھ افواج پاکستان نے پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی کا بھرپور جواب دیا اور اس سلسلے میں کس طرح پوری حکومتی مشینری نے متحد ہو کر کام کیا۔

اجلاس میں نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان ایک قانون کی پاسداری کرنے والا اور امن پسند ملک ہے، پاکستان تمام ممالک بالخصوص اپنے پڑوسیوں کے ساتھ دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات کا خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران دو برادر ممالک ہیں، تاریخی طور پر برادرانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات سے لطف اندوز ہوئے ہیں جن میں احترام اور پیار ہے، دونوں ممالک کے مفاد میں ہے کہ وہ تعلقات کو بحال کرنے کے لیے اقدامات کریں، پاکستان ایران کی جانب سے تمام مثبت اقدامات کا خیرمقدم کرے گا۔