بڑی مشکل سے کل شیر نظر آیا، ایسا نہ ہوا عوام کا جذبہ دیکھ کر چھپ جائے: بلاول بھٹو

Published On 19 January,2024 04:36 pm

لیاقت پور:(دنیا نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ بڑی مشکل سے کل شیر نظر آیا ایسا نہ ہو کہ وہ آپ کا جوش وجذبہ دیکھ کر دوبارہ گھر میں نہ چھپ جائے۔

انہوں نےلیاقت پور میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے منشور پر الیکشن لڑ رہی ہے باقی پارٹیوں کو کوئی فکر نہیں کہ عوام کس مشکل سے گزر رہے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ مجھے آپ کی فکر ہے میں آپ کے لیے الیکشن لڑ رہا ہوں، فیصلہ کیا ہے کہ 17 وزارتیں ختم کر کے 3 سو ارب روپے آپ پر خرچ کروں گا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا آپ کے ٹیکس کا 15سو ارب اشرافیہ کو سبسڈی دی جاتی وہ میں عوام پر خرچ کروں گا، غریبوں کو مفت بجلی دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ نے مجھے منتخب کیا تو میں اپنے منشور کے 10 نکات پر عمل درآمد کروں گا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ میں 20 لاکھ گھر بنا کر خواتین کو مالکانہ حقوق دینا شروع کیے ہیں، ہم بے نظیر کسان کارڈ لے کر آئیں گے اور کسانوں کی اس سے مدد کریں گے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا ہے کہ آپ نے نوجوانوں کے پاس جانا ہے کہ آپ تیر پر مہر لگائیں ، میں یوتھ کارڈ کے ذریعے ان کی امداد کروں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں یونین کونسل کی سطح پر بھوک مٹاؤ پروگرام شروع کروں گا، ہمارا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں بھوک اور مہنگائی سے ہے، 8 فروری کو آپ نے تیر پر ٹھپہ لگا کر اسے جتوانا ہے۔