بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین کے جنوبی صوبے جیانگشی کے شہر شنیوسٹی میں مارکیٹ میں آتشزدگی سے 39 افراد ہلاک اور 9 افراد زخمی ہوگئے جبکہ متعدد افراد پھنسے ہوئے ہیں۔
چینی میڈیا نے مقامی فائررسپانس ایمرجنسی ہیڈکوارٹرز کے حوالے سے بتایا کہ ضلع یوشوئی میں دوپہر کو تیانگونگنین ایونیو پر واقع زیرزمین دکان پر آگ لگی اور اس کے بعد زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق زیرزمین ایک انٹرنیٹ کیفے اور عمارت میں ایک ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ قائم تھا اور وہی آگ بھڑک اٹھی، مارکیٹ میں آتشزدگی سے 39 افراد ہلاک اور 9 افراد زخمی ہوگئے۔
چین میں حال ہی میں آتشزدگی کے کئی واقعات رونما ہوچکے ہیں، جن میں صوبہ ہینان میں اسکول میں آگ لگنے سے 13 بچے ہلاک ہوئے تھے اور اس واقعے پر عملے کے 7 اراکین کو پولیس نے حراست میں لیا تھا۔