غزہ میں اسرائیلی فورسز نے مزید 9 شہری شہید کردیئے

Published On 05 April,2024 08:01 pm

غزہ:(دنیا نیوز )غزہ میں اسرائیلی فورسز کی سفاکیت جاری ،امدادی کارکنوں کو بھی نہ بخشا ، ریسکیو ٹیم کے مزید 3اہلکاروں سمیت9شہری شہید کر دیئے۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ کے علاقے خان یونس اور رفاہ سمیت مغربی کنارے میں اسرائیلی فضائی کے نصیرات پناہ گزین کیمپ پر حملہ میں 3افراد شہید ہوگئے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے صیہونی ٹینکوں کی بیت لاہیا اور جبالیہ کے پناہ گزین کیمپ پر گولہ باری سے متعدد شہادتوں کا خدشہ ہے، حالیہ اسرائیلی فورسز کے حملوں کے دوران مزید 60 فلسطینی شہید ،درجنوں افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

عرب میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امدادی کارکنوں کی ہلاکت پر امارات نے اسرائیل کیساتھ تمام سفارتی رابطے معطل کر دیے ہیں، امدادی کارکنوں کی ہلاکت سیاہ ترین دن ہے۔

دوسری جانب اماراتی سفیر محمد الخواجہ، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور اردن کے شاہ عبداللہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے ، دونوں رہنماؤں نے غزہ میں ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔

دریں اثنا امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ غزہ میں معصوم شہریوں اور امدادی کارکنوں کو تحفظ نہ دیا تو امداد روک دی جائے گی۔

واضح رہے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 33ہزار91 فلسطینی شہید اور 75ہزار750 زخمی ہو چکے ہیں۔

Advertisement