غزہ: الشفا، بیت لاحیہ ہسپتال کے بعد نصر میڈیکل کیمپ سے بھی اجتماعی قبر دریافت

Published On 22 April,2024 04:29 am

غزہ: (ویب ڈیسک) غزہ میں الشفا اور بیت لاحیہ ہسپتال کے بعد نصر میڈیکل کیمپ سے بھی اجتماعی قبر دریافت ہو گئی۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نصر میڈیکل کیمپ سے دریافت ہونے والی اجتماعی قبر سے 50 شہداء کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں اس سے قبل فلسطینی حکام کو الشفا اور بیت لاحیہ ہسپتال سے بھی اجتماعی قبریں دریافت ہو چکی ہیں۔

فلسطین ایمرجنسی سروس کے مطابق ان کی ٹیم نے اپنا تلاش آپریشن جاری رکھا ہوا ہے کیونکہ اب بھی لوگوں کی ایک بہت بڑی تعداد ہے جن کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں کہ آیا وہ زندہ ہیں یا اسرائیلی فورسز نے انہیں شہید کر دیا ہے۔

نصر میڈیکل کیمپ سے اجتماعی قبر اسرائیلی فوج کے 7 اپریل کو خان یونس شہر سے نکل جانے کے بعد دریافت ہوئی، شہر کا زیادہ تر حصہ اسرائیلی افواج کی مسلسل بمباری اور حملوں کے نتیجے میں کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے۔

چند روز قبل بھی غزہ کے الشفا ہسپتال کے سامنے سے ایک ہی ہفتے میں دو اجتماعی قبریں دریافت ہوئی تھیں، دونوں اجتماعی قبروں سے 39 افراد کی لاشیں ملی تھیں اور عرب میڈیا کے مطابق ان میں سے 30 لاشیں ہاتھ پیر بندھی اور تشدد زدہ تھیں۔

فلسطینی حکام نے شمالی غزہ کے علاقے بیت لاحیہ میں بھی ایک اجتماعی قبر دریافت کی تھی جس میں 20 لاشیں دفنائی گئی تھیں، مزید لاپتہ فلسطینی شہریوں کی تلاش جاری ہے۔