ٹورنٹو: (دنیا نیوز) کینیڈا میں خالصتان تحریک کے متحرک کارکن ہردیپ سنگھ نجر قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈین پولیس نے ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں ملوث 3 بھارتی شہریوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، ملزموں کو کینیڈا کے صوبے البرٹا کے شہر ایڈمنٹن سے حراست میں لیا گیا ہے۔
کینیڈا کی پولیس نے ملزموں کی شناخت ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار ہونے والوں میں کرن برار، کمل پریت سنگھ اور کرن سنگھ شامل ہیں، ملزمان کرائے کے قاتل ہیں جن کوبھارت سے طلبا کےعارضی ویزے پر کینیڈا بھیجا گیا۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ تینوں ملزمان کو فرسٹ ڈگری قتل میں چارج کیا گیا ہے، پیر کے روز عدالت میں پیش کیا جائے گا، ملزمان کا تعلق بدنام زمانہ لارنس بشنوئی گینگ سے ہے، بھارتی حکومت سے تعلقات کی تحقیقات جاری ہیں۔