سینیٹ کمیٹی میں بریفنگ کے دوران امریکی وزیر خارجہ کو غزہ معاملے پر ہزیمت کا سامنا

Published On 22 May,2024 06:29 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کو سینیٹ کی کمیٹی برائے خارجہ امور میں بریفنگ کے دوران غزہ کے معاملے پر ہزیمت کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سینیٹ کی کمیٹی برائے خارجہ امور کو بریفنگ دے رہے تھے کہ اس دوران ایک انسانی حقوق کی خاتون کارکن نے غزہ میں اسرائیل کی حمایت کرنے کے شدید احتجاج کیا اور نعرے بازی بھی کی۔

خاتون کے احتجاج اور نعرے بازی کرنے پر امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کو ناگواری ہوئی اور انہیں اپنی بریفنگ کو کچھ دیر کیلئے روکنا پڑا، خاتون کارکن نے انٹونی بلنکن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم جنگی مجرم، جنگی مجرم ہو، تمہارے ہاتھوں پر 40 ہزار فلسطینیوں کے قتل کا خون ہے۔

شدید نعرے بازی کرنے پر وہاں موجود سکیورٹی اہلکاروں نے خاتون کو روکنے کی کوشش کی لیکن ناکامی پر اسے زبردستی اٹھا کر عمارت سے باہر چھوڑ آئے۔