نئی دہلی: (دنیا نیوز) تیسری مدت کیلئے منتخب بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا وزیر اعظم شہباز شریف اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے مبارکبادی پیغامات پر ردعمل آگیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنے رد عمل میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے وزیر اعظم شہباز شریف کے پیغام کا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کرنے پر شکر گزار ہوں۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کو جواب میں مخاطب کرتے ہوئے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ آپ کے پیغام کو سراہتا ہوں، بھارتی عوام ہمیشہ امن، سکیورٹی اور ترقی پسند خیالات کے حامی رہے ہیں، اپنے شہریوں کی حفاظت اور خوشحالی ہمیشہ ترجیح رہے گی۔
واضح رہے گزشتہ روز نریندر مودی نے وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھایا، مسلسل تیسری بار بھارتی وزیر اعظم بننے پر وزیر اعظم شہباز شریف نے مبارکباد دی اور ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
نواز شریف نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر نریندر مودی کو وزیر اعظم بننے پر گرمجوشی سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں مسلسل تیسری بار کامیابی بھارتی عوام کے اعتماد کا اظہار ہے۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے ایکس کے پیغام میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو دعوت دیتے ہوئے مزید کہا کہ آئیں ہم نفرت کو امید سے بدل کر اسے دو ارب انسانوں کی ترقی کا موقع بنائیں۔