تہران: (دنیانیوز) ایران میں صدارتی انتخابات کےدوسرےمرحلے میں ووٹنگ کا عمل مکمل ہوگیا، نتائج کا اعلان آج ہوگا۔
ایران میں گزشتہ روز نئے صدر کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈالے گئے ، صبح 8 بجے سے شروع ہونیوالی ووٹنگ رات 12 بجے تک جاری رہی اور انتظامیہ کو پولنگ اسٹیشنز میں ووٹرز کےرش کی وجہ سے پولنگ کا وقت تین بار بڑھانا پڑا ۔
سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سمیت اہم شخصیات نے ووٹ کاسٹ کیا، رن آف مرحلے میں دو امیدوار مسعود پزیشکیان اور سعید جلیلی کے درمیان سخت مقابلہ ہے ۔
پہلے صدارتی انتخابی راؤنڈ میں مسعود پزیشکیان کو 42.4 فیصد ووٹ ملے تھے جبکہ ان کے قریب ترین حریف امیدوار قدامت پسند سیاسی رہنما سعید جلیلی تھے، جنہیں 38.6 فیصد تائید حاصل ہوئی تھی۔
28 جون کو انتخابات کے پہلے مرحلے میں کسی بھی امیدوار کو مطلوبہ اکثریت نہ ملنے کی وجہ سے پانچ جولائی کو رن آف مقابلے کا فیصلہ کیا گیا۔
یاد رہے کہ صدر ابراہیم رئیسی کی ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں شہادت کے بعد ایران میں رئیسی کے جانشین کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہورہی ہے ، سابق ہارٹ سرجن ڈاکٹر مسعود پیزشکیان ایران کی اخلاقی پولیس پر تنقید کرتے رہے ہیں، جبکہ ان کے حریف سعید جلیلی موجودہ سیاسی نظام کے حامی اور تبدیلی کے مخالف سمجھے جاتے ہیں۔