اسلام آباد: (دنیانیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے مسعود پزشکیان کو ایران کا صدر منتخب ہونے پر دلی مبارکباد دی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہاکہ پاکستان اور ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں، امید ہے کہ آپ کی قیادت میں پاک - ایران تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
صدر مملکت نے کہا کہ ہم خطے کے امن اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کریں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف کا تہنیتی پیغام
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو ایران کے صدارتی انتخابات میں کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظرہوں۔
سوشل میڈیا ایکس پر اپنی پوسٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ میرے بھائی ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو ایران کے صدارتی انتخابات میں کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکبادہو،میں پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے منتخب صدر ڈاکٹر پزشکیان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں۔
یہ بھی پڑھیں :اصلاح پسند مسعود پزشکیان ایران کے نئے صدر منتخب
انہوں نے کہا کہ پڑوسی ممالک کی حیثیت سے پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی اور تاریخی تعلقات ہیں، ہمیں باہمی فائدہ مند تعاون کے ذریعے اپنے دونوں عوام کے روشن مستقبل کو یقینی بنانا چاہیے
واضح رہے کہ ایران کے صدارتی انتخاب کے دوسرے مرحلے میں اصلاح پسند امیدوار مسعود پزشکیان کامیابی حاصل کرکے نئے صدر منتخب ہوگئے ہیں۔