لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی بہادری کی داستان رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیگی۔
کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے پچیسویں یوم شہادت پر وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کیپٹن کرنل شہر خان شہید نے کارگل کے محاذ پر بے مثال بہادری، جرات اور شجاعت کا مظاہرہ کیا جس کی دشمن بھی تعریف کئے بغیر نہ رہ سکا۔
انہوں نے کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے وطن سے وفاداری، فرض شناسی اور وطن کے دفاع کیلئے جان کی پرواہ کئے بغیر لڑنے کی ایسی مثال قائم کی جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی، کیپٹن کرنل شیر خان شہید نشانِ حیدر اور ان کے اہلِ خانہ پوری قوم کیلئے قابل فخر ہیں۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان کی اس ملک کے دفاع کی خاطر لازوال قربانیاں ہیں، مجھ سمیت پوری قوم ملک کی حفاظت کیلئے پاک فوج کے جوانوں کے غیر متزلزل عزم کو سلام پیش کرتی ہے۔