آستانہ: (دنیا نیوز) آستانہ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور جمہوریہ بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے درمیان ملاقات ہوئی۔
ملاقات کے دوران سیاسی تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، دفاعی تعاون اور علاقائی مسائل سمیت مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم نے بیلاروس کی شنگھائی تعاون تنظیم کی رکنیت پر صدر لوکاشینکو کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس سے تنظیم مزید مضبوط ہوگی۔
دونوں رہنماؤں نے گزشتہ دہائی کے دوران پاکستان اور بیلاروس تعلقات کے تمام پہلوؤں میں مثبت نمو پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی فائدہ مند تعاون اور اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے بیلا روس کے صدر کو حکومت پاکستان کی برآمدات پر مبنی نمو، عوامی مالیات کی مضبوطی اور دوست ممالک سے سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے ذریعے پاکستان کی اقتصادی بحالی کی پالیسی کے بارے بتایا۔
دونوں رہنماؤں نے عالمی اور علاقائی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا اور شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے تحت کام کے مختلف پہلوؤں پر پیش رفت کا جائزہ لیا، وزیراعظم نے پرامن اور مستحکم خطے کے لئے پاکستان کی کوششوں اور خواہشات کا اظہار کیا۔