واشنگٹن: (ویب ڈیسک) رواں سال نومبر میں ہونے والے صدارتی الیکشن کیلئے بطور امیدوار نامزدگی سے قبل ہی کملا ہیرس کیلئے بڑی مشکل کھڑی ہو گئی۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کے رکن کانگریس اینڈی اوگلز نے نائب صدر کملا ہیرس کیخلاف مواخذے کی کارروائی کیلئے درخواست جمع کروا دی ہے، ریاست ٹینیسی سے تعلق رکھنے والے ری پبلکن رکن کانگریس اینڈی اوگلز نے صدر جوبائیڈن کو بھی عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کملا ہیرس کا صدارتی امیدوار کیلئے مطلوبہ حمایت حاصل کرنے کا دعویٰ
امیگریشن ریکارڈ کو بنیاد بنا کر کملا ہیرس کو پہلے ہی ہدف بنایا جا رہا تھا تاہم اب اینڈی اوگلز نے ایک اور آرٹیکل جمع کرایا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا کہ کملا ہیرس نے صدر بائیڈن کی ذہنی حالت سے متعلق معاملات چھپائے جس سے عوام کا اعتماد مجروح ہوا ہے۔
اینڈی اوگلز نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ کملا ہیرس جوبائیڈن کی صحت سے متعلق خدشات کے سبب 25 ویں ترمیم کا اطلاق کرائیں، 25 ویں ترمیم صدر کو دائمی یا عارضی طور پر ہٹانے کے اختیار سے متعلق ہے، اگر صدر ذمہ داریاں ادا کرنے سے قاصر ہوں تو انہیں عارضی طور پر ہٹایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کی مقبولیت میں اضافہ، نومبر میں 63 فیصد عوام کی حمایت ملنے کا امکان
مباحثے میں خراب پرفارمنس پر ڈیموکریٹس کی جانب سے دباؤ کے شکار امریکی صدر اور ڈیموکریٹ کے سابق امیدوار جوبائیڈن نے کملا ہیرس کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کیا تھا۔