سنگا پور: (ویب ڈیسک) بھارتی یوگا انسٹرکٹر کو خواتین کو جنسی ہراساں کرنے پر قید کی سزا سنا دی گئی۔
بھارتی نژاد یوگا انسٹرکٹر راجپال سنگھ نے کلاسز کے دوران تین خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کیا تھا جس پر ایک سال 11 ماہ قید اور 4 درے مارنے کی سزا سنائی گئی۔
میڈیا کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق سنگاپور کی ڈسٹرکٹ جج شرمیلا سریپاتھی شاناز نے کہا کہ راجپال سنگھ نے تین خواتین کی جانب سے ان پر کئے گئے اعتماد کو پامال کیا، تینوں خواتین کو جذباتی اور نفسیاتی طور پر نقصان پہنچا ہے۔
ڈسٹرکٹ جج نے کہا کہ ایک خاتون علاج کروا رہی تھی اور وہ محفوظ جگہ سمجھ کر یوگا کلاس لے رہی تھی، یوگا کلاس کے دوران ان کے استاد کی طرف اس طرح کی خلاف ورزی کی توقع نہیں کر رہی تھی کیونکہ وہ کمرے میں اتھارٹی کی حیثیت رکھتے تھے۔
جج نے مزید کہا کہ دوسری خواتین نے بھی مؤقف اپنایا ہے کہ ان کے رویئے سے بہت گہرا اثر پڑا ہے اور انہوں نے اس کو ایک صدمے سے تعبیر کیا ہے۔
میڈیا کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 35 سالہ راجپال سنگھ ٹیلوک آئیر سٹریٹ کے ٹرسٹ یوگا میں کام کرتے تھے اور جرم کے ارتکاب کے وقت وہاں کوئی کلاس نہیں ہو رہی تھی۔