دبئی: (ویب ڈیسک) دبئی میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے نزدیک اڑنے والی ٹیکسیوں کے لئے پہلے سٹیشن کی تعمیر شروع کر دی گئی، اس امر کا اعلان نائب وزیر اعظم متحدہ عرب امارات شیخ حمدان بن محمد بن راشد نے کیا۔
ٹیکسیوں کے لئے یہ سٹیشن 3100 مربع کلومیٹر پر محیط ہوگا جس میں 42000 ٹیکسیاں لینڈ کر سکیں گی جبکہ ایک لاکھ 70 ہزار مسافروں کے سالانہ ٹیکسیوں پر سوار ہونے اور اترنے کی گنجائش ہوگی۔
ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد نے سوشل میڈیا ایکس پر لکھا ٹیکسی سٹیشن کا پہلا مرحلہ ڈاؤن ٹاؤن میں 2026ء سے فضائی ٹیکسیوں کے لئے اپنی خدمات فراہم کر سکے گا، یہ سٹیشن مستقبل میں تیز ترین مواصلاتی سہولتوں کو پورے تحفظ اور پائیداری کے ساتھ تشکیل دے گا اور سفر منٹوں میں طے ہونے لگے گا۔
نئے مواصلاتی نظام یعنی اڑنی والی ٹیکسیوں کی شروعات سے توقع کی جا رہی ہے کہ سفر کا دورانیہ محض منٹوں تک محدود ہوجائے گا اور مصروف ترین علاقوں میں کم سے کم اخراجات کے ساتھ سفر صرف دس منٹ تک طے ہوجائے گا۔